کراچی: سندھ میں کسانوں کے لیے سابق وزیر اعظم عمران خان کی دی ہوئی سبسڈی رقم جاری کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کسانوں کو ربیع و خریف سیزن کے لیے سبسڈی جاری کر دی، صوبے میں کسانوں کو 2 ارب 52 کروڑ کی سبسڈی دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کسانوں کو سبسڈی کی یہ رقم مالی سال کے اختتام اور بلدیاتی الیکشن کے موقع پر جاری ہوئی ہے۔
ربیع سیزن میں کسانوں کو فرٹیلائزر پر 1650 ملین روپے کی سبسڈی، سندھ کے کاشت کاروں کو ڈی اے پی، کاٹن بیج پر 902 ملین روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
محکمہ خزانہ نے وزیر اعظم پیکج کے تحت کسان سبسڈی فنڈز محکمہ زراعت کو جاری کر دیے ہیں۔
یاد رہے کہ مارچ 2021 میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے احساس پروگرام کے تحت کسانوں سمیت 3 کروڑ خاندانوں کو براہ راست سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا، اس سلسلے میں کسانوں میں کسان کارڈ بھی تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
اس کارڈ کے ذریعے کسانوں کو کھادوں، بیجوں اور کیڑے مار ادویات میں اعانت کے ساتھ ساتھ کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں متاثرہ فصلوں کے لیے قرضے اور معاونت فراہم کی جاتی ہے۔