کراچی : سندھ گالف ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ کراچی کے گالف کلبز کھولنے کی اجازت دی جائے، ملک کے دیگر شہروں کے گالف کلبز کھل چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ گالف ایسوسی ایشن کے صدر اسد آئی اے خان نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے گالف کلبز کھولنے کی اجازت دی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں گالف کلبز کھل گئے تو کراچی میں گالف کلبز کھولنے پر اب تک پابندی کیوں لگی ہوئی ہے؟ اس کے علاوہ وزیر بلدیات اور کشمنر کراچی کی جانب سے بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جس سے تنگ آکر سندھ گالف ایسوسی ایشن نے تنگ آکر وزیر اعلیٰ سے التجا کی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجے گئے لیٹر کی کاپی اے آر وائی نے حاصل کرلی۔
صدر اسد آئی اے خان نے کہا کہ گالف میں سماجی فاصلہ قوانین کے مطابق کھیل کا حصہ ہے، اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں گالف کلبز کھل گئے، دنیا بھر میں بھی گالف کی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہرعمر کے گالفر اس کھیل کو کھلی فضا میں کھیلتے ہیں، کراچی کے گالف کلبز کھولنے کی اجازت دی جائے، کلبز بند ہونے سے گراونڈ اسٹاف اور کیڈیز پریشان ہیں۔
اسد خان نے کہا کہ پاکستان گالف فیڈریشن ملک بھر میں کلبز کھولنے کا حکم دے چکی، لاک ڈاؤن کی وجہ سے روزانہ کی اجرت کمانے والوں کے روزگار داو پر نہیں لگا سکتے۔