کراچی : حکومت سندھ اوریوایس ایڈ کے درمیان صو بے کے اٹھ اضلا ع میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے بیسک ایجو کیشن پروگرام شروع کرنے کا معاہد ہ طے پا گیاہے ۔
وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پرائمری تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کیلئے پروگرام اہم ثابت ہوگا، وزیر اعلی ہاؤس کراچی میں ایک سادہ وپروقار تقریب میں محکمہ تعلیم اور یو ایس ایڈ کے نمائندوں کے درمیان پر وگرام پر دستخط کئے گئے۔
تقریب میں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ ، آمریکی سفیر ڈیوڈ ہیل ،قونصل جنرل برائن ہیتھ،وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو اور دیگر نے شرکت کی۔
بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت خیرپور ، سکھر ،کشمور کندہ کوٹ سمیت اٹھ اضلاع کے ایک سو چھ اسکولز پر کام کیا جائے گا۔
معاہدے کے مطابق ایک سو پینسٹھ ملین ڈالر کی لاگت سے یہ پروگرام پانچ سالوں میں مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو تعلیمی اداروں خصوصاً پرائمری اسکولوں کی حالت بہت خراب تھی۔
پیپلزپارٹی کی حکومت نے بہت جدوجہد کی توکچھ بہتری آئی۔ انہون نے کہاکہ سندھ حکومت کوتعلیمی معیار کو بہتر کرنے کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
پاکستان میں مقیم آمریکی سفیرڈیوڈ ہیل نے کہا کہ آمریکا پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے خصوصی توجہ دے رہا ہے، ایک سو چھ اسکولز میں فری تعلیم دی جائے گی۔
سنیئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو کا کہنا تھا کہ ہم یوایس ایڈ کے شکر گزار ہیں کہ سندھ میں فروغ تعلیم کے لئے ہمارا ہاتھ بٹا رہے ہیں،بیسک ایجوکیشن پروگرام سندھ میں نئے اسکول تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔