کراچی: کمیشن پر اشتہارات کے سلسلے میں حکومت سندھ نے بڑے پیمانے پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ میں کمیشن پر اشتہارات دینے کے معاملے پر حکومت سندھ نے بڑے پیمانے پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
محکمہ اطلاعات سندھ نے جنوری، فروری اور مارچ 2021 میں جاری کیے جانے والے اشتہا رات کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
کمیشن پر اشتہارات دینے کے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات رفیق احمد برڑو نے انکوائری کے احکامات دے دیے۔
ڈائریکٹر اطلاعات سلیم خان کو 20 دن میں انکوائری رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
سیکریٹری اطلاعات رفیق احمد برڑو کا کہنا ہے کہ اخبارات کو اشتہار پالیسی کے تحت دیے جائیں گے، جنوری، فروری اور مارچ 2021 میں جاری کیے جانے والے اشتہارات کی بھی تحقیقات کی جائے گی۔
ضلع غربی کراچی کا پورا محکمہ غیر قانونی ٹھیکے پر دے دیا گیا، تحقیقات شروع
یاد رہے کہ جنوری میں ضلع غربی کے محکمہ اشتہارات کو بغیر نیلامی غیر قانونی ٹھیکے پر دینے کا منصوبہ ناکام بنایا گیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ کے آفر ریٹ پر ڈی ایم سی کا پورا محکمہ ٹھیکے پر دے دیا گیا تھا، تاہم ڈی سی غربی نے ڈی ایم سی کے کرپٹ افسران کا منصوبہ ناکام بنا کر ٹھیکے کو منسوخ کر دیا، اس معاملے پر محکمہ لوکل گورنمنٹ سندھ نے بھی ایکشن لے لیا تھا۔