کراچی: حکومتِ سندھ نے سرکاری افسران کے میڈیا پر آنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے سرکاری افسران کے میڈیا پر آنے پر پابندی عائد کر دی، ذرایع کا کہنا ہے کہ خصوصی طور پر سندھ پولیس افسران پر یہ پابندی عائد کی گئی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے پولیس سمیت 11 محکموں کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی سرکاری افسر ٹاک شو یا میڈیا سے گفتگو نہیں کرے گا، سرکاری افسران، سول سرونٹ بغیر اجازت پروگرامز میں شرکت نہ کریں، خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ پولیس میں تبادلے ، سندھ حکومت اور وفاق آمنے سامنے
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ پولیس میں ایک اور تبادلے پر تنازع کھڑا ہو گیا تھا جس کے بعد سندھ حکومت اور وفاق آمنے سامنے آ گئے تھے، اس سے قبل سندھ حکومت اور آئی جی سندھ بھی آمنے سامنے آ گئے تھے۔
سندھ حکومت نے ایس ایس پی عمر کوٹ کی خدمات واپس نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا ایس ایس پی اعجازشیخ سندھ میں کام کرتے رہیں گے، جب کہ وفاق نے اعجاز شیخ کی خدمات واپس لے لی تھیں۔
اس سے قبل ایس پی ڈاکٹر رضوان کی خدمات وفاق کے حوالے کرنے کے معاملے پر سندھ حکومت اور آئی جی سندھ ایک بار پھر آمنے سامنے آ گئے تھے۔