کراچی: سندھ حکومت نے جیلوں سے سزا یافتہ قیدیوں کو عارضی رہائی دینے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی تمام تجاویز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے منظور کرلیں، صوبے کی جیلوں سے سزا یافتہ قیدیوں کو 4 ماہ کے لیے عارضی رہا کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی سمری کے مطابق سزا یافتہ قیدیوں کو ضمانتی بانڈ پر رہا کیا جائے گا، قیدیوں کو پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت عارضی طور پر رہا کیاجائے گا۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد فیصلے پر عملدرآمد شروع ہوگا، فیصلے کا اطلاق منشیات ،نیب،معمولی جرائم میں ملوث سزا یافتہ قیدیوں پر ہوگا،فیصلے کا اطلاق بغاوت،قتل وغارت گری، دہشت گردی میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں، سندھ کی جیلوں میں 16 ہزار 24 قیدی موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان
اس سے قبل گزشتہ ہفتے 16 مارچ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وبا کی شکل اختیار کرگیا، قیدیوں کو بھی ریلیف دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کرونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1420 تک جا پہنچی ہے ، وائرس سے اب تک 12 افراد جاں بحق اور 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔