کراچی : سندھ حکومت نے تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تجاوزات کےخلاف اینٹی انکروچمنٹ قانون کے تحت ایف آئی آردرج کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کی زیرصدارت تجاوزات کےخلاف کارروائی کاجائزہ اجلاس ہوا ، جس میں تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا تجاوزات کے خلاف اینٹی انکروچمنٹ قانون کے تحت ایف آئی آردرج کی جائے گی۔
چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے کہا تجاوزات کےخلاف آپریشن میں سندھ پولیس کااہم کردارہے، کمشنرکراچی کا کہنا تھا کہ ملیرندی میں باڑےبن گئےاورمضرصحت فصل اگائی جاتی ہے۔
ممتاز علی شاہ نے مزید کہا ملیرندی پرباڑے،فصل اگانےوالوں کےخلاف کارروائی کی جائے، تجاوزات کےخلاف آپریشن کےبعدٹریفک کےمسائل ہورہےہیں۔
اجلاس میں کراچی کے10بڑے روڈ پر ٹریفک سائین لگائیں جائیں گے، ممتاز علی شاہ نے بتایا ایس ایچ او،مختارکار،اسسٹنٹ کمشنر،ایس بی سی اے افسران تبدیل کئے گئے، جوافسرکام نہیں کرےگااس کےخلاف کارروائی کی جائےگی۔
کراچی کے پارکس، نالوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، چیف سیکریٹری سندھ
اس سے قبل 9 اکتوبر کو چیف سیکریٹری سندھ ممتازعلی کا کہنا تھا کہ شہر قائد کے تمام پارکس، نالوں اور فٹ پاتھوں سے غیر قانونی تجاوزات فوری ختم کی جائیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ 22 اکتوبر کو میئر کراچی، کے ایم سی اور دیگر اداروں کو فٹ پاتھوں سے تجاوزات کے فوری خاتمے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے ہدایت کی تھی کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سیز حدود کے جھگڑے کے بجائے اپنے اپنے کام کریں۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری میں سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا تھا عدالت عظمیٰ نے چیف سیکریٹری سندھ کو آپریشن کی نگرانی کی ہدایت بھی کی تھی۔