کراچی: سندھ حکومت نے پولیس فنڈز کے استعمال پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے، کتنے منصوبوں پر کتنا پیسہ خرچ کیا تحقیقات کرائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے پولیس فنڈز کے استعمال پرتحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، ایک سال میں استعمال کیے گئے فنڈز پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس ہیڈ آفس کی تزئین وآرائش پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، آئی جی سندھ نے اپنے لیے مہنگا ترین فلور تیار کرایا، پیٹرول کی مد میں کرپشن پر بھی تحقیقات کرائی جائیں گی۔
ذرائع سندھ حکومت کے مطابق کتنےمنصوبوں پر کتنا پیسہ خرچ کیا تحقیقات کرائی جائیں گی، اینٹی کرپشن سے تحقیقات کرانے کا فیصلہ زیرغور ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے آئی جی کلیم امام کی جگہ وفاق کو 3 نام تجویز کیے ہیں، سندھ حکومت کا مطالبہ ہے کہ کلیم امام کو ہٹایا جائے اور صوبے میں نیا آئی جی تعینات کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط میں جو تین نام تجویز کیے گئے ہیں ان میں غلام قادر تھیبو، مشتاق مہر اور کامران فضل شامل ہیں۔
سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کے کرائم میں کمی کے دعوے کو مسترد کر دیا
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کے کرائم میں کمی کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ آئی جی سندھ دورمیں کرائم میں 7سے10 فیصد اضافہ ہوا۔