لاہور: تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت سے گزارش ہے سیاست کے بجائے کام پر توجہ دے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا کہ چند دنوں سے ٹیسٹنگ کٹس پر باتیں ہو رہی ہیں، مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹوئٹ کیا جس سے تاثر ملا ٹیسٹنگ کٹس معیاری نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کی بھیجی گئی کٹس سندھ نے غیرمعیاری کہہ کر واپس کیں،سندھ کی جانب سے واپس کی گئی کٹس کو این آئی ایچ میں استعمال کیاگیا،واپس کی گئی کٹس میں اب تک کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا،سمجھ نہیں آیا سندھ کو کٹس غیرمعیاری کہنے میں 2 ہفتے کیوں لگے۔
تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کے ذریعے سندھ کو 50 ہزار کٹس بھیجی ہیں،اب کی بار ان کٹس کو ٹیسٹ کر کے پھر سندھ کے حوالے کیاجائے گا، اس سے قبل سندھ حکومت نے 2 بار غیر معیاری کہہ کر کٹس واپس کیں۔
شہباز گل نے کہا کہ جس صوبے نے پہلے لاک ڈاؤن کا دعویٰ کیا وہاں کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں،کیسز میں اضافہ،ڈیٹا سے لگتا ہے اعلان کے مطابق صوبے نے اقدامات نہیں کیے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وسائل صوبوں کو منتقل کیے گئے،سندھ حکومت بتائے اپنے خزانے سے لوگوں کی کتنی امداد کی،
سندھ کو 4 مشینیں دی گئی ہیں ،2 سے 3 ہزار ٹیسٹ ہونے چاہئیں۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ 4 مشینوں کے باوجود سندھ میں صرف 500 ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں،سندھ نے سب سے زیادہ کٹس ملنے کے باوجود اپنی استعداد نہیں بڑھائی،سندھ حکومت سے گزارش ہے سیاست کے بجائے کام پر توجہ دے۔