کراچی: تھرپارکر کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت حرکت میں آگئی، وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے آج شام اجلاس طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدارت آج شام چار بجے اجلاس ہوگا، جس میں تھر کی موجودہ صورت حال پر گفتگو ہوگی اور قحط سے نمٹنے کے لیے تجاویز زیر غور آئیں گی۔
اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری سندھ اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز شریک ہوں گے، اجلاس کے دوران سپریم کورٹ کے احکامات کاجائزہ لیا جائے گا۔
تھر کی صورت حال پر جامع پالیسی مرتب کرکے عدالت میں پیش کی جائے گی، خیال رہے کہ رواں سال قحط کی وجہ سے 400 سے زائد بچوں کی اموات ہوئی تھیں۔
حکومت جلد تھر کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے گی: وفاقی وزیر صحت
خیال رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیر صحت عامرمحمود کیانی نے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سندھ کے علاقے تھرکا دورہ کیا تھا۔
اس ضمن میں وفاقی وزیرصحت عامرمحمود کیانی نے کہا تھا کہ حکومت جلد تھر کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے گی۔
عامر کیانی نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت مشکل میں تھرکےباسیوں کوتنہانہیں چھوڑے گی، تھر کے باسیوں کے لئے جلد صحت کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تھر میں صحت کی ناکافی سہولیات اور بچوں کی بڑھتی اموات کی وجہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔