کراچی : سندھ حکومت نے مئی میں معمول سے زیادہ بارشوں کے پیش نظر تمام محکموں کو ہائی الرٹ جاری کردیا اور کہا کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں مئی میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کے امکان کے پیش نظر سندھ حکومت نےتمام محکموں کوہائی الرٹ جاری کردیا اور 5 مئی تک ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں جانے سے روک دیا گیا۔
وزیر ماحولیات اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، 30 اپریل سے 5 مئی تک ژالہ باری،آندھی اورگرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔
اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیلاب آنے کی وجہ سے سندھ متاثر ہوسکتا ہے اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کابھی خطرہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ کراچی،حیدرآباد،سکھر،لاڑکانہ میں گرج چمک کےساتھ بارش جبکہ ٹھٹھہ،بدین،خیرپور،ٹنڈوجام،سانگھڑاوردیگرشہروں میں بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم ے نےمتعلقہ محکموں کوہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور تمام بلدیاتی اداروں کوندی نالوں کی صفائی کےاحکامات جاری کردیئے ہیں ، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہمیں غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے، سندھ میں بارشوں سےکھڑی فصلوں کونقصان پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ کراچی میں 28 اپریل کی رات سےسسٹم کےاثر اندازہونےکاامکان ہے ، جس کے سبب کہیں تیز اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں اربن فلڈننگ کاکوئی امکان نہیں، آج شہر کا مطلع جزوی ابرآلود ہے اور ہوا میں نمی 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔