محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر کے نجی اسکولوں کے اساتذہ سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے سیکریٹری تعلیم نے اس منصوبے سے آگاہ کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کے اساتذہ کو پروفیشنل تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تربیت مکمل کرنے کے بعد اساتذہ کو ٹیچنگ لائسنس جاری کیا جائے گا۔
صوبائی محکمہ تعلیم، سندھ ٹیچرز ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن کے اشتراک سے نجی اسکولوں کے ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد اساتذہ کو تربیت فراہم کرے گا۔
پروگرام کی آگہی کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی، جس میں نجی اور سرکاری شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ اس تقریب میں شرکا کو سلائیڈ کی مدد سے سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
سیکریٹری تعلیم سندھ زاہد علی عباسی کا کہنا ہے کہ 10 سالہ منصوبہ بندی کے تحت اساتذہ کی تربیت مکمل کریں گے۔
ایڈیشنل ڈایریکٹر پراییویٹ انسٹی ٹیوشن رفیعہ جاوید نے بتایا کہ سندھ کے نجی اسکولوں کے اساتذہ کو تربیت کے بعد لائنسس جاری کیا جائے گا
تقریب میں سینٹر خوش بخت شجاعت نے تربیت کے عمل کو وقت ضرورت سرکاری اورنجی شعبے میں اشتراک عمل کے لیے اہم قرار دیا۔