کراچی : سندھ حکومت نےکراچی میں غریب افرادمیں راشن کی تقسیم کا نظام وضع کردیا ، کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ راشن شام 5 سے 7بجے یا پھر رات گئے تقسیم کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نےکراچی میں غریب افرادمیں راشن کی تقسیم کا نظام وضع کردیا ، کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ راشن صرف گھروں کی دہلیز پر جاکر تقسیم کیا جائے اور راشن شام 5 سے 7بجے یا پھر رات گئے تک تقسیم ہوگا، راشن یونین کونسل کی سطح پر تقسیم کیا جائے۔
کراچی انتظامیہ نے سندھ حکومت کے تحت راشن تقسیم کرنے سے متعلق ایکشن پلان تیار کرلیا، ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں مستحق افراد،یومیہ اجرت سےمحروم خاندانوں کو راشن ملے گا۔
گذشتہ روز سندھ حکومت نے صوبے بھر میں گھروں پر راشن پہنچانے کا فیصلہ کیا تھا اور صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہے۔
یاد رہے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہمی کے طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئ مستحق خاندانوں کے لیے موبائل رجسٹریشن سسٹم لانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس طریقہ کار کے تحت ضرورت مند خاندان کے ایک فرد کو موبائل رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے رجسٹر کیا جائے گا، شناختی کارڈ کے ذریعے خاندان کو رجسٹر کر کے رقم دی جائے گی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رقوم کی ادائیگی کے لیے نجی موبائل کمپنی کی کیش ایپ استعمال کی جائے گی۔
اس سلسلے میں نادرا، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے سے خاندانوں کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا، اگر کسی شخص کے اکاؤنٹ میں 10 ہزار سے زائد رقم ہوئی تو وہ مستحق نہیں قرار پائے گا۔ حج، عمرہ کے علاوہ بیرون ملک سفر کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی۔