کراچی: کراچی تاجر اتحاد کے رہنما عتیق میر نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی تاجر اتحاد کے رہنما عتیق میر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی کوئی حقیقی شکل نہیں تھی، مکمل لاک ڈاؤن وفاقی یا صوبائی حکومت کے بس کی بات نہیں ہے، 15 دن بھی حقیقی لاک ڈاؤن ہوتا تو صورتحال الگ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ غریب عوام 2 ماہ سے گھر پر بیٹھی ہے اور کوئی مدد نہیں کی جارہی، ایسی صورتحال میں غریب باہر نکلے گا اور روزگار مانگے گا، لوگوں کا باہر نکلنا بھی مجبوری ہے انہیں کھانا کون دے گا۔
تاجر رہنما نے کہا کہ ہم نے سندھ حکومت کو مارکیٹوں کی فہرست فراہم کردی ہے، ہماری بھی پہلی ترجیح کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا ہے، سندھ حکومت سے کہا ہے چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دیں۔
مزید پڑھیں: ایم کیو ایم وفد کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات، تاجروں کے تحفظات دور کرنے کا مطالبہ
عتیق میر نے کہا کہ خوشحال ممالک میں بھی لوگ باہر نکل آئے ہیں، معاشی لحاظ سے بہتر ممالک میں لوگ کاروبار کھولنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ کا کہنا تھا کہ وفاق نے مارکٹیں کھولنے کی اجازت دے دی تو سندھ حکومت کو بھی اعلان کرنا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے مایوس کیا کیونکہ وہ امید دلا کر پیچھے ہٹ جاتی ہے، اُن کے اس عمل سے تاجر تباہ اور مزدور بے روزگار ہوگیا ہے۔