کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہفتے کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے، اسکول اب 6 دن کھلیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا ہم نے غیر معمولی حالات میں دوبارہ بچوں کو اسکول بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے، کرونا صورت حال میں تعلیم کے حوالے سے یہ مشکل فیصلہ ہے، ہفتے کی چھٹی ختم کر دی ہے، اسکول 6 دن کھلیں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت نے اساتذہ کی ٹریننگ بھی کرائی ہے، 2 ہزار کے قریب اساتذہ کو تربیت دے چکے ہیں، 5 ہزار تک اساتذہ کو تربیت دیں گے۔
وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا 11 اضلاع میں کرونا حفاظتی سامان تقسیم کیا جائے گا، سینٹائزر، صابن اور دیگر حفاظتی سامان میں یونیسیف نے مدد کی ہے، 4 ہزار 800 اسکولوں میں ڈبلیو ایچ او ہماری مدد کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا ڈی سی کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے، جو مختلف اسکولوں کا دورہ کرے گی، جہاں مسائل درپیش ہوں گے یہ کمیٹی حل کرے گی، صوبے بھر کے تمام اسکولز کا دورہ کریں گے اور ایس او پیز کا جائزہ لیں گے۔
سعید غنی نے کہا کرونا ختم نہیں ہوا، ہمیں احتیاط کی ضرورت ہے، کاروباری زندگی بھی اب شروع ہو چکی ہے، والدین بچوں کو ایس او پی سے متعلق آگاہی دیں، کیوں کہ بچے جتنی آسانی سے والدین کی بات سنتے ہیں شاید کسی اور کی نہیں، ہم کرونا ایس او پی کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائیں گے۔