منگل, مارچ 25, 2025
اشتہار

یوم پاکستان پر گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ کی مزار قائد پر حاضری

اشتہار

حیرت انگیز

یوم پاکستان پر کراچی میں اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا جن میں کامران ٹیسوری ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ کے دیگر وزرا شامل ہیں۔

 85 ویں یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول بھی چڑھائے۔

اس موقعے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں ہر شخص کو مذہبی آزادی حاصل ہے، پاکستان میں ہم سب بھائیوں کی طرح رہتے ہیں، آج کا دن بھائی چارے اور ایک دوسرے سے تعاون کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے رہنماؤں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ہم سب نے ملکر کام کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جعفر ایکسپریس، قلات، نوشکی، بنوں میں واقعات ہوئے ہیں، قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بھی کیا گیا، پی ٹی آئی کا قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنا افسوس ناک ہے، بانی پی ٹی آئی بھی اپنی حکومت میں سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کرتے تھے۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کو رہتی دنیا تک قائم رکھے، لگتا ہے پاکستان کی قدر کھوتے جارہے ہیں، اللہ سب کی زندگی میں اتحاد کے ساتھ احساس بھی پیدا کرے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اللہ سب کو اس ملک میں رہتے ہوئے اس کی خدمت کی توفیق فرمائے، ملک میں آزادی سے رہ تو رہے ہیں، معاشی اور معاشرتی مسائل سے گزر رہے ہیں، دشمن چاہتا ہے ہم سے کوئی ایک غلطی ہو وہ ہمیں معاشی طور پر غیر مستحکم کرسکے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں