کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم مطالبات پر جلد عملدرآمد کے لیے وزیراعظم سے بات کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں میں معاہدوں پر عملدرآمد کے روڈ میپ پر بھی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روزملاقات میں ایم کیو ایم نے پیشرفت نہ ہونے پر تحفظات رکھے تھے، ایم کیو ایم کے تحفظات اور معاملات جلد حل کرنے کی یقین دہانی کی گئی۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم مطالبات پر جلد عملدرآمد کے لیے وزیراعظم سے بات کروں گا، آپ سے کیے گئے معاہدے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاقی حکومت جلد ترقیاتی منصوبوں کی مد میں فنڈز فراہم کرے گی، وزیراعظم نے بھی اتحادیوں سے متعلق پیشرفت پر تفصیلات مانگی ہیں۔
دوسری جانب ایم کیو ایم رہنما کنور جمیل کا کہنا تھا کہ امید ہے حکومت جلد پیش رفت کرےگی ، ہمیں بھی انتظار ہے، واقعی ایسا ہونے جا رہا ہے تو شہریوں کی کئی سالوں کی محرومی دور ہوسکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب باتوں سے آگے نکل کر گرؤانڈ پر کام ہوناچاہیے۔