کراچی: گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کراچی زو میں جانوروں کے لیے اسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری چڑیا گھر پہنچ گئے جہاں انہوں نے غیر ملکی ڈاکٹرز کی ٹیم سے ملاقات کی، کراچی زو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ 25 دن پہلے ہتھنی نورجہاں کی تکلیف سامنے آئی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ بیمار ہتھنی کامعائنہ کیا جا رہا ہے، یہاں کے ڈاکٹرز نے علاج کیا، ہتھنی کی بیماری بڑھ رہی تھی، ایڈمنسٹریٹرکو ہدایت کی کہ باہر سے ڈاکٹرز کو بلایا جائے۔
ہتھنی کا معائنہ کرنے کیلئے عالمی ماہرین کی ٹیم کراچی پہنچ گئی
انہوں نے کہا کہ نور جہاں 14سال سے بچوں کو لطف اندوز کررہی ہے، ہتھنی کے علاج میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ چڑیاگھر میں اسپتال بنانے کی سمری دی ہے، 2 سے 3ماہ میں چڑیاگھر میں اسپتال بن جائےگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بیمار ہتھنی نور جہاں کا معائنہ کرنے کے لیے طبی ماہرین پر مشتمل فورپاز انٹرنیشنل کی 7 رکنی ٹیم کراچی زو پہنچ گئی ہے۔
فورپاز کے مصر سے تعلق رکھنے والے رکن ڈاکٹر عامرخلیل نے کہا کہ ہر ممکن کوشش کر رہے کہ ہتھنی صحتیاب ہو جائے، ہتھنی کو کرین کی مدد سے سہارہ دے کر کھڑا کیا گیا ہے، اس حوالے سے انتظامیہ کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔