کراچی : سندھ حکومت کی جانب سے 13 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کیلئے تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے دیوالی کے موقع پر ہندو کمیونٹی کے لئے تعطیل کا اعلان کیا کردیا، اس حوالے سے نوٹی فیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے.
جس میں کہا ہے کہ پیر 13نومبر کو صوبے بھر میں سرکاری و نیم سرکاری اداروں اور کارپوریشنز میں دیوالی کے تہوار پر ہندو کمیونٹی کے لئے تعطیل ہو گی۔
اس سے قبل سندھ حکومت نے 9نومبر کو اقبال ڈے پر عام تعطیل کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ فخرعالم نے نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔
خیال رہے دیوالی ایک ہندو مذہبی تہوار ہے ہر سال نومبر کے مہینے میں منایا جاتا ہے، اسے روشنیوں کا تہوار یا خوش قسمتی کا تہوار بھی کہا جاتا ہے، اس لیے لوگ اس روز دیے جلاتے ہیں۔
دیوالی کرشن بھگوان کے چودہ سال بن باس کاٹنے کے بعد واپسی کی خوشی میں منائی جاتی ہے۔ اس دن ہندو برادری لکشمی پوجا کرتی ہے اور دعائیں مانگتی ہے۔ کاروباری افراد دیوالی کے دن سے نئے کاروبار کی شروعات کو ترجیح دیتے ہیں۔
پانچ روز تک جاری رہنے والا یہ تہوار ہندو ازم، جین ازم، سکھ ازم میں یکساں اہمیت کا حامل ہے، ہندو روایات کے مطابق اس دن کو دولت کی دیوی لکشمی سے بھی منسوب کیا جاتا ہے۔
اس تہوار میں ہندو افراد گھروں کی سجاوٹ کرتے ہیں مٹھائیاں اور کھانے بناتے ہیں۔ ہندو برادری پوجا پاٹ کے بعد پٹاخے اور پھلجزڑیاں جلا کر دیوالی کی خوشیاں مناتے ہیں۔