کراچی : سندھ حکومت نے کورونا وائرس سے متاثر افراد کی مالی مدد کا فیصلہ کرلیا اور کورونا کے شکار ملازمت پیشہ افراد کے لیے قانون بھی تیار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے شکار افراد کے لیے بڑا فیصلہ کرلیااور کہا کورونا وائرس سے متاثر افراد کی مالی مدد سندھ حکومت کرے گی۔
سندھ حکومت نے کورونا ایمرجنسی ریلیف ایکٹ میں ترامیم کا بھی فیصلہ کیا ، مجوزہ ترمیمی ایکٹ میں کہا گیا آئسولیشن کے دوران یومیہ اجرت والے افراد کی مالی مدد کی جائے گی۔
سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف ایکٹ کا ترمیمی مسودہ آج سندھ کابینہ میں پیش ہوگا، کورونا کے شکار ملازمت پیشہ افراد کے لیے بھی قانون تیار کرلیا ہے۔
مجوزہ قانون کے مطابق ملازمت پیشہ افراد کی کورونا آئسولیشن کے دوران چھٹیاں ڈیوٹی تصورہوگی، کسی ملازم کو کوروناآئسولیشن کی مدت کی تنخواہ ادا نہ کرنا قابل جرم ہوگا۔
ماسک کے لازمی استعمال کا حکم نامہ قانون میں تبدیل کی گئی ، جس کے بعد کسی بھی مقام پر ماسک کا استعمال لازم ہوگا۔