کراچی: صوبہ سندھ میں ٹڈی دل کا فصلوں پر حملے کے بعد وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ وفاق سندھ حکومت کو اسپرے کے لیے 3 جہاز، 32 گاڑیاں فراہم کرے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے وفاق 3 جہاز اور 32 گاڑیاں فراہم کرے، ایک جہاز سے چاروں ڈویژن کے تمام اضلاع میں اسپرے نہیں ہوسکتا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ٹڈی دل کا خاتمہ کرنے کی ادویات باہر سے منگوانا بھی وفاق کی ذمہ داری ہے۔
وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے چار ڈویژن شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور میرپور خاص میں ٹڈی دل مزید بڑھ رہی ہے، وفاق نے فوری مدد نہ کی تو ٹڈی دل سندھ میں فصلوں کو بڑا نقصان پہنچا سکتی ہے، تمام اضلاع کے لیے الگ الگ 8،8 گاڑیاں دی جائیں تاکہ ٹڈی دل کا خاتمہ کیا جاسکے۔
وزیر زراعت سندھ نے کہا کہ وفاق سندھ حکومت کی کوئی مدد نہیں کر رہا، وفاق ڈزرٹ ایریازمیں اسپرے کے لیے 3 مزید جہاز فراہم کرے۔
سندھ حکومت کی طرف سے ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے فنڈ جاری
یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں حکومتِ سندھ نے ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے 31 کروڑ 90 لاکھ جاری کیے تھے، ٹڈی دل سے بچاؤ کے لیے کمیٹیاں بھی بنالی گئی ہیں۔