کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے مزید 5 لاکھ سولر پینلز کیلیے منظوری دے دی، غریبوں پر جو مہنگی بجلی کا بوجھ ہے اس کیلیے سولر پینل دے رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی کا بوجھ غریبوں پر نہیں ڈال سکتا، ہمارے پاس وسائل نہیں تھے اس لیے عالمی بینک سے مل کر پروگرام شروع کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سرکار کی بجلی کا خرچ بچانے کیلیے عمارتوں کو سولرائز کریں گے، کراچی کی 35 سرکاری عمارتوں میں 18 میگا واٹ کے سولر سسٹم لگا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کی ایک ماہ میں 50 ہزار سولر سسٹم تقسیم کرنے کی ہدایت
انہوں نے کہا کہ ایک کمرے کا غریب آدمی بجلی کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتا، غریبوں کیلیے 2 لاکھ سولر سسٹم منظور کیے ہیں جس کی تقسیم سندھ کے ہر ضلع میں ہوگی، بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ صرف 2 لاکھ سولر سے کیا ہوگا لہٰذا سندھ حکومت نے مزید 5 لاکھ سولر کیلیے منظوری دے دی، بلاول بھٹو کا 300 یونٹ تک مفت بجلی کا پروگرام ہے، سندھ حکومت ان کی ہدایات کے مطابق کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچرے سے بجلی بننانے کا منصوبہ بھی شروع کیا ہے جلد اس پر کام ہوگا، مخالفین نہیں چاہتے تھے کہ تھر میں کوئی پروجیکٹ بنے، سب سے سستی بجلی تھر میں پیدا ہو رہی ہے، صوبے کے لوگوں نے مسلسل ہمیں چار بار حکومت دی ہے، سندھ کو دیکھ کر باقی صوبوں میں بھی لوگ ہمیں ووٹ دیں گے۔
سڑکوں کی صورتحال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ کل اور آج ہونے والے ٹریفک حادثات پر لوگوں کی جان گئی، 8 سال سے انڈس ہائی وے کا یہی حال ہے، وفاقی حکومت سے درخواست کروں گا کہ سڑکوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ جامشورو، قاضی احمد اور رانی پور ٹریفک حادثات میں اموات ہوئیں، وفاقی حکومت 8 سال سے انڈس ہائی وے کو مکمل نہ کر سکی، اتنی بری حالت ہے لگتا ہے یہ پاکستان کی سڑکوں میں سے نہیں۔