کراچی: سندھ حکومت نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس شہریوں کے گھروں پر پہنچانے کی سہولت پر غور شروع کردیا۔
محکمہ ایکسائز کے سیکریٹری عبد الحلیم شیخ کا کہنا تھا کہ 17 ہزار سے زائد نمبر پلیٹس تین سال سے تیار ہیں مگر شہری انہیں لینے نہیں آتے، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ اب رجسٹریشن کی نمبر پلیٹ گھر پر بھیجی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ گھر پر نمبرپلیٹ پہنچانے کے علیحدہ چارجز لئےجائیں گے، آئندہ سال میں شہر میں یہ سروس فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 70 ہزار نمبر پلیٹ نہ اٹھانے والے شہریوں کی وجہ سے گھروں پر ارسال کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
عبدالحلیم شیخ کا کہنا تھا کہ ہزاروں جعلی نمبرپلیٹ کی گاڑیاں سندھ میں چل رہی ہیں، جعلی نمبرپلیٹس کےخلاف محکمہ ہر6ماہ بعدمہم چلاتا ہے، جس کے دوران کئی گاڑیاں پکڑی بھی جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں: سندھی اجرک کے لوگو والی نمبر پلیٹ متعارف کرانے کا فیصلہ
یاد رہے کہ رواں میں سندھ حکومت نے سندھی اجرک کے لوگو سے بنی گاڑیوں کی جدید نمبر پلیٹ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا، سیکرٹری ایکسائز عبدالحلیم شیخ کے مطابق پہلے مرحلے میں تین لاکھ گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے لیے نمبر پلیٹ بنوائی جائیں گی، چپ والی نمبر پلیٹ سال 2020 میں متعارف کرائی جائے گی۔
عبدالحلیم شیخ کا کہنا تھا کہ اجرک سے بنی نئی نمبر پلیٹ اسکین کرنے سے مالک سمیت تمام معلومات آسانی سے مل جائے گی اور گاڑی چوری کرنے والے بھی پکڑ میں آجائیں گے۔