کراچی: حکومتَ سندھ نے محرم الحرام میں امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر 8، 9، 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی سربراہی میں آج اہم اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو یقینی بنانے کے لئے ممکنہ اقدامات پرغور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران پولیس حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کے خدشات موجود ہیں، کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد ملک اسحاق اور عثمان کرد کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے محرم الحرام میں شرپسند کارروائیاں کرسکتے ہیں۔
پولیس حکام نے یہ بھی بتایا کہ ماتمی جلوسوں کی نگرانی سپارکو کے سرویلنس نظام کے ذریعے کی جائے گی اور اس کے علاوہ رینجرز اور پولیس مشترکہ کنٹرول روم بھی قائم کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز اور پولیس کو محرم الحرام میں آپریشن جاری رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس کے دوران 8، 9، 10 محرم الحرام کو کراچی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا ہے کہ 10محرم الحرام کو موبائل فون سروس بند کرنے کی سفارش وفاق کو بھیجی جائے۔