کراچی: بلدیاتی ایکٹ 2013 میں چوتھی ترمیم کا بل سندھ اسمبلی میں جمع کرادیا گیا،نئی ترمیم کے تحت بلدیاتی ایوانوں سے تحریک عدم اعتماد کا حق واپس لیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق سندھ حکومت نے بلدیاتی ایکٹ 2013 میں ترمیم کرانے کے لیے بل جمع کرادیا ہے جس کی منظوری کے نتیجے میں کونسلرز سے چیئرمین اور وائس چیئرمینز کو ہٹانے کا اختیار واپس لے لیا جائے گا۔
بل کے متن کے مطابق یونین کونسل، یونین کمیٹی کے چیئرمین کو تحریک عدم اعتماد سے ہٹایا نہیں جاسکے گا، دونوں کونسل کے سربراہان براہ راست عوام کے منتخب نمائندے ہیں۔
واضح رہے کہ 2013 بلدیاتی ایکٹ کے سیکشن 27 کے تحت کونسل کو یہ اختیار حاصل تھا کہ وہ ناقص کارکردگی یا پینل سے وفاداری بدلنے پر کونسلرز اپنے چیئرمین اور وائس چیئر مین کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے قرارداد منظور کروا کے انہیں معطل کر سکتے تھے۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس ترمیم کے بعد چیئرمین اور وائس چیئرمین کی وفاداری تبدیل کروانا آسان ہوجائے گا اور کونسلر اپنے چیئرمین و وائس چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش نہیں کر سکیں گے جو جمہوری روایات کے منافی عمل ہوگا
سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی عددی اکثریت ہونے کے باعث یہ بل بآسانی منظور ہوجانے کی قوی امید ہے تاہم اس موقع پر اپوزیشن کی جانب سے سخت احتجاج کا سامان کرنا پڑے گا۔