کراچی : حکومت سندھ نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرلی تاہم تمام شراکت داروں سے رابطہ کرکے انہیں اعتماد میں لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ کی نئی حکمت عملی سامنے آگئی۔
ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے پتھاروں کیخلاف کارروائی ہوگی لیکن پہلے تمام شراکت داروں سے رابطہ کرکے انہیں اعتماد میں لیا جائے گا۔
اس سلسلے میں میئرکراچی مرتضیٰ وہاب، سعیدغنی اور وقار مہدی نے ن لیگ سندھ کے رہنماؤں سےملاقات کی، نون لیگی رہنما بشیر میمن نے بتایا انہیں کہا گیا تجاوزات کیخلاف کارروائی کریں گے ، تعاون چاہیے۔
وقارمہدی کا کہنا تھا کہ پی پی کا وفد تجاوزات کے معاملے پر جماعت اسلامی کی قیادت سے بھی ملاقات کرچکا ہے۔
پی پی رہنما نے کہا اپوزیشن لیڈرعلی خورشیدی اوردیگر کیساتھ بھی رابطے میں ہیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، ٹریفک نظام بہتر کرنے کے لیے تجاوزات کیخلاف کارروائی ضروری ہے۔