جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

فریال تالپور کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی رہنما فریال تالپور کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ، 25لاکھ روپے زرضمانت کے عوض برطانیہ جانے کی اجازت دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت میں وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جعلی اکاونٹس ریفرنس کے باعث فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا، شاہدخاقان عباسی اور دیگر رہنماوں کے خلاف اربوں روپے کے کیسز ہیں، انہیں بھی بیرون ملک سفر کی اجازت دی جاتی ہے، فریال تالپور پر صرف تین کروڑ روپے کا الزام ہے

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں شامل ہے، تیمار داری کیلیےایک بارضمانت جمع کراکےجانےپراعتراض نہیں، جس پر بیرسٹر عابد زبیری کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہےکہ فریال تالپور کانام سپریم کورٹ ہدایت پر ای سی ایل میں شامل ہوا۔

وزارت داخلہ اورایف آئی اے کی جانب سے جواب نہ آنے پرعدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاخیری ہتھکنڈے استعمال نا کریں۔

ڈی اے جی کی جانب سے مہلت کی درخواست کی گئی ، جس پر جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ آپ اس بینچ میں طویل عرصےسے پیش ہورہے ہیں، جانتے ہیں تاخیر برداشت نہیں۔

عدالت نے آج کے حکمنامے کی نقول سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اےکوذاتی طور پر بھجوانے کی ہدایت کردی۔

فریال تالپور نے عدالت میں کہا کہ بیٹی عائشہ تالپوربرطانیہ میں زیرتعلیم ہے، بیٹی کی طبیعت ناسازہے، اس لئے برطانیہ جاناچاہتی ہوں، بیٹی کی تیمارداری کے لیےایک بار برطانیہ جانے کی اجازت دی جائے۔

پی پی رہنما نے استدعا کی کہ چار ہفتے کے لیے برطانیہ میں قیام کی اجازت دی جائے، ای سی ایل میں نام بیرون ملک جانے میں رکاوٹ ہے۔

جس پر سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی رہنما فریال تالپور کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ، 25لاکھ روپے زرضمانت کے عوض بیماربیٹی سے ملنے کیلئے برطانیہ جانے کی اجازت دی گئی۔

خیال رہے منی لانڈرنگ کیس کے باعث 27 دسمبر 2018 کو پیپلز پارٹی رہنما فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا،درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ، چیئرمین نیب ،ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی امیگریشن بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں