کراچی : منشیات برآمدگی کیس معروف اداکار کے بیٹے ساحر حسن کو ضمانت مل گئی عدالت نے ملزم کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ آئینی بینچ میں منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار ملزم ساحر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل منتظر مہدی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو دو ماہ سے زائد ہوگئے جیل میں ہیں،لارجر بینچ نے ملزم ساحر حسن کی درخواست ضمانت آئینی بینچ کا دائرہ سماعت قرار دے دیا تھا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے اور ملزم سے 5 سو 57 گرام ویڈ گانجا برآمد ہوا تھا، ملزم کی درخواست ضمانت پر سندھ ہائیکورٹ نے حکومت کو ہدایات کی۔
عدالت نے ملزم ساحر کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم ساحر کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
بعد ازاں قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل منتظر مہدی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملزم ساحر کی درخواست ضمانت منظور ہوئی ہے، عدالت نے چیف سیکریٹری کو خصوصی عدالتیں قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ساحر حسن کے اسپیشلائزڈ یونٹ کے سامنے مزید انکشافات
منتظر مہدی کا کہنا تھا کہ قانون سازی کے بعد خصوصی عدالتیں بننی ہیں ہائیکورٹ نے کہا ہے یا تو نئیں عدالتیں تشکیل دی جائیں یا تب تک کسی اور عدالت کو وہی اختیار دیے جائیں قانون سازی ابھی ہوئی ہے، تھوڑا وقت لگے گا۔
واضح رہے کہ 22 فروری 2025 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی سے معروف ادکار کے بیٹے اور نوجوان اداکار کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جب کہ اس کے قبضے سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔