کراچی : شہر قائد میں کورونا اورانفلوئنزا کیسز سامنے آنے پر تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایات جاری کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی ہیلتھ سندھ نے کراچی میں کورونااورانفلوئنزا کیسزسامنے آنے پر تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کوہدایت جاری کردیں۔
ڈی جی نے کہا افسران اپنےماتحت ہیلتھ سینٹرکی انتظامیہ کو الرٹ رکھیں تمام طبی اورغیر طبی عملہ ماسک پہنے۔
ڈی جی ہیلتھ سندھ نے ہدایت کی کہ نزلہ ،زکام اورکھانسی کے مریض ویکسین لازمی لگوائیں اور کورونا یا انفلوائنزہ کی علامات ہونے پر مریض کو فوری آئسولیٹ کریں۔ا
ڈی جی ہیلتھ سندھ نے افسران کو ہفتہ وارمریضوں کی تفصیلات محکمہ صحت کو دینے کی بھی ہدایت دے دی۔
یاد رہے کراچی میں نزلہ اور کھانسی کے 30 فیصد مریضوں میں کورونا وائرس کا انکشاف سامنے آیا تھا۔
مزید پڑھیں : کراچی میں ایک بار پھر کورونا کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوگئے
ماہر متعدی امراض ڈاؤ اسپتال پروفیسر سعید خان نے بتایا تھا کہ کراچی میں بڑی تعداد میں لوگ نزلہ، کھانسی اور بخار میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ ٹیسٹ کروانے پر 25 سے 30 فیصد مریضوں میں کورونا مثبت آ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 10 سے 12 فیصد مریضوں میں انفلوئنزا ایچ 1 این 1 جبکہ 5 سے 10 فیصد بچوں میں سانس کی نالی کے انفیکشن کی تصدیق ہو رہی ہے۔
ان کے مطابق کورونا، انفلوئنزا ایچ 1 این 1 اور سردیوں کے دیگر وائرل انفیکشن کی علامات ملتی جلتی ہیں، اکثر مریض ٹیسٹ نہیں کرواتے جس کے باعث بیماریوں کی تصدیق نہیں ہوتی۔
بعد ازاں قومی ادارہ صحت نے ملک میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال قابو میں ہے، کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کی بات درست نہیں ہے۔