حیدرآباد : وزیرصحت سندھ عذراپیچوہو نے ایک دو ماہ میں اومی کرون کے ہزاروں کیسز رپورٹ ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا اگر اسپتال بھرے تو لاک ڈاون کی جانب جاسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرصحت سندھ عذراپیچوہو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں کیسز بڑھتے ہوئے نظر آرہے ہیں ، اشارہ یہی ہے کہ اومی کرون کے ایک دو ماہ میں ہزاروں کیسز ہوں گے۔
عذراپیچوہو کا کہنا تھا کہ ابھی لاک ڈاؤن کی طرف نہیں جارہے ، اگر اسپتال بھرے تو لاک ڈاون کی جانب جاسکتے ہیں ، شاید چھوٹے لاک ڈاؤن کی ضرورت پڑے۔
وزیرصحت سندھ نے کہا کہ اومی کرون کے 170 سے زائد کیس سامنے آئے ہیں اور کوروناکی شرح بڑھ رہی ہے، 24 گھنٹےمیں 500 سے زائد کیس سامنے آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس او پیزپرعمل ضروری ہے، ویکسی نیشن نہیں کریں گے توپھیلاؤ بڑھے گا، چھ ماہ سیکنڈ ڈوز والے کو بوسٹر ڈوز بھی لگوانا ہے۔
اس سے قبل وزیراعلی ٰ سندھ مراد علی شاہ نے خبردار کیا تھا کہ کراچی میں اومیکرون کی مقامی سطح پرمنتقلی ہورہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ نئی لہر سے بچاؤ کیلئے سخت احتیاط کریں۔
خیال رہے کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.23 فیصد تک پہنچ گئی ، ماہرین صحت نے ایک مرتبہ پھر ایس او پیز پر عمل درآمد کا مشورہ دے دیا ہے۔