کراچی: صوبہ سندھ میں پی ٹی آئی کے نئے اپوزیشن لیڈر کا نام سامنے آنے پر اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے تحفظات بھی سامنے آ گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی اسمبلی میں فردوس شمیم نقوی کے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے مستعفی ہونے کے بعد نئے قائد حزب اختلاف کی تقرری کے معاملے پر اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے تحفظات سامنے آ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو اس بات پر شکایت ہے کہ نئے قائد حزب اختلاف کی تقرری پر ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، حلیم عادل شیخ کا نام سامنے آنے کے بعد ہم سے رابطہ کیا گیا۔
ایم کیو ایم کا مؤقف ہے کہ ڈھائی سال تحریک انصاف نے ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے نمائندگی کی، اب ڈھائی سال اتحادی ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کو ایوان میں اپوزیشن لیڈر کے لیے نمائندگی ملنی چاہیے۔
فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا
ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ تقرری کے معاملے پر رابطہ کمیٹی کی مشاورت جاری ہے، ادھر نامزد اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل کو فون کر کے تقرری کے لیے حمایت کی درخواست کی۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کنور نوید جمیل نے کہا یہ فیصلہ رابطہ کمیٹی کرے گی، رابطہ کمیٹی میں مشاورت کے بعد ہی فیصلے سے آگاہ کر سکتا ہوں۔
واضح رہے کہ آج فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرا دیا ہے، استعفےکی کاپی کچھ روز قبل وزیر اعظم کو بھی واٹس ایپ کی گئی تھی، انھوں نے کہا حلیم عادل شیخ نئے قائد حزب اختلاف ہوں گے، انھیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔