کراچی میں واقع سندھ پولیس میوزیم میں برطانوی دور کی تصاویر، وردیاں، تلواریں اور بندوقوں جیسے نوادرات موجود ہیں۔
سندھ پولیس کے عجائب گھر کی موجودہ عمارت 1865 میں تعمیر کی گئی تھی، جسے 2019 میں میوزیم میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ اس عمارت میں برطانوی دور کی آفس دستاویزات، قدیم بندوقیں، پولیس یونیفارم اور دیگر اہم اشیا سندھ پولیس کے ارتقا کی کہانی بیان کرتی نظر آتی ہیں۔
گیلری میں پرانے پولیس نظام، قوانین، ایکٹ اور 1938 کی انٹیلیجنس رپورٹس اور 1942 کی سب سے پرانی ایف آئی آر بھی موجود ہے، جو 40 روپے کی چوری پر کاٹی گئی تھی۔
ویڈیو رپورٹ: چڑیا گھر کے اندر 160 حنوط شدہ جانوروں اور پرندوں کا میوزیم
گیلری میں موجود نوادرات میں مختلف ادوار کے پولیس یونیفارم کے ساتھ ساتھ تلواریں، پرانے مواصلاتی آلات، میڈلز اور روایتی ڈھالوں سمیت سندھ کے مشہور برطانوی گورنر جنرل سر چارلس جیمز نیپئر کے اہم اور دل چسپ احکامات بھی رکھے گئے ہیں۔ سندھ پولیس میوزیم میں ایڈورڈ چارلس مارٹسن کی سندھ پولیس میں اعلیٰ خدمات کا نظارہ جا بجا دیکھنے کو ملتا ہے۔