کراچی: انٹرنیشنل شوٹنگ مقابلے میں ایس ایس یو کے ارسلان انور نے گولڈ میڈل جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں منعقدہ انٹرنیشنل شوٹنگ مقابلے میں ایس ایس یو کے شارپ شوٹر ارسلان انور نے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا، آئی جی سندھ نے ارسلان کو گولڈ میڈل حاصل کرنے پر شاباش دی۔
آئی جی سندھ سید کلیم امام نے کہا کہ ارسلان انور نے گولڈ میڈل حاصل کرکے دنیا میں قومی پرچم بلند کیا ہے، ارسلان انور کا کارنامہ سندھ پولیس کی تاریخ کا سنہری باب بن گیا ہے۔
دوسری جانب ارسلان انور کا میڈل حاصل کرنے پر کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں ایونٹ میں گیا اور کامیابی حاصل کی۔
*شاباش ارسلان انور شاباش۔ آئی جی سندھ*
تھائی لینڈ میں انٹر نیشنل شوٹنگ مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے ایس ایس یو کے ارسلان انور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے۔
1/2#sindhpolicedmc pic.twitter.com/IjjjR5UR7H
— Sindh Police (@sindhpolicedmc) November 13, 2019
شارپ شوٹر ارسلان انور کا کہنا تھا کہ 42 ممالک کے پولیس اہلکاروں نے ایونٹ میں حصہ لیا تھا اور الحمد للہ میں نے کامیابی حاصل کی۔
ارسلان کا کہنا تھا کہ میری کامیابی کے پیچھے میرے افسروں کا ہاتھ ہے جو مجھے اس طرح ایونٹ میں بھیجتے اور میرے اخراجات برداشت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے افسر مقصود میمن نے میری ہر قدم پر مدد کی اور میرے لیے آئی جی سندھ سے بات کرکے مجھے اسپانسر شپ دلائی۔
ارسلان کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی مختلف ایونٹ میں حصہ لے کر پاکستان کا نام روشن کروں گا۔