منگل, فروری 11, 2025
اشتہار

کراچی پولیس کی واٹس ایپ ہیلپ لائن عوام میں مقبول

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ پولیس چیف کی جانب سے قائم واٹس ایپ ہیلپ لائن پر موصول شکایتوں پر تیزی سے کارروائیاں کی جانے لگیں، اغوا، جنسی زیادتی، بھتے، فراڈ، لوٹ مار اور چھینا جھپٹی کی موصول شکایات پر فوری کارروائیاں کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف کے قائم واٹس ایپ ہیلپ لائن کی عوام میں پذیرائی ہونے لگی۔ یکم جنوری سے 30 جون تک کے متاثر کن اعداد و شمار سامنے آگئے۔ مسائل حل ہونے پر پولیس کو واٹس ایپ کے ذریعے شکریے کے پیغامات وصول ہونے لگے۔

رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کمپلین سروس کو 1603 شکایات موصول ہوئیں، واٹس ایپ پر موصول شکایات کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا۔ ایک اہلکار کی تنزلی، ایک کو شوکاز نوٹس، 16 کوارٹر گارڈ اور 16 اہلکاروں کا تبادلہ کیا گیا۔

شکایات پر کیے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں شہر کے مختلف تھانوں میں 169 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ سب سے زیادہ 696 شکایات پولیس کے خلاف تھیں جو کل شکایات کا 43.4 فیصد ہیں۔ واٹس ایپ پر تشدد کی 178 اور زمینوں پر قبضے کی 135 شکایات موصول ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق منشیات کی 92، دھمکیوں سے متعلق 85، فراڈ کی 83، لاپتہ افراد کی 61 شکایات، لوٹ مار کی 53، چھینا جھپٹی کی 52 اور چوری کی 45 شکایات موصول ہوئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 6 ماہ میں اغوا کی 22 شکایات بھی موصول ہوئیں، 100 فیصد شکایات کی چھان بین کی گئی اور مختلف اقدامات کیے گئے۔ جوئے، جنسی زیادتی، بھتے اور فحاشی سے متعلق 100 فیصد شکایات نمٹائی گئیں۔ دیگر شکایات پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ محکموں کے سپرد کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں