کراچی : آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ مملکی سالمیت کے خلاف بات کرنےوالوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائےگا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اپنے ایک بیان میں وضاحت دی ہے کہ فی الحال کسی سیاسی جماعت نے انتظامیہ کی جانب سے سر بمہر کیے گئے دفاتر کو کھولنے کی نہ تو کوئی درخواست دی ہے اور نہ ہی ایسا کوئی معاملہ زیر غور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں ہونے والی کارروائیاں نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہورہی ہیں،سندھ پولیس دہشت گردوں کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی اور صوبے سے القاعدہ، داعش اور طالبان سمیت تمام شدت پسند تنظیموں کے نیٹ ورک کو توڑ کر دم لیں گے۔
اس موقع پر آئی جی سندھ نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت اور وحدت کے خلاف کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ایک ایک شخص کے ساتھ آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا چاہے وہ کتنے ہی طاقت ور ہی کیوں نہ ہو۔
واضح رہے 22 اگست کو قائد ایم کیو ایم نے پاکستان مخالف تقریر کے بعد اپنے کارکنان کو تشدد پر اکساتے ہوئے میڈیا ہاؤس پر حملے کے لیے تیار کیا جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایم کیو ایم کے مرکز اور خورشید بیگم میموریل ہال کو تالے لگادیے تھے اور شہر بھر میں سرکاری زمینوں پر ناجائز طور پر قائم ایم کیو ایم کے دفاتر گرادیے گئے ہیں۔