کراچی: سندھ حکومت نے فلم، ڈراموں اور ڈاکیومینٹریز کے فروغ کے لیے باقاعدہ کوششیں شروع کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے مقامی فلم انڈسٹری کے فروغ، دہشت گردی، انتہا پسندی کے خلاف بیانیہ سازی کے لیے آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں شرجیل میمن کی زیر صدارت ’کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ‘ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شرجیل میمن نے ہدایت کی کہ نئے فلم اور ڈراما نویسوں کی خصوصی حوصلہ افزائی کی جائے، انھوں نے کہا سندھ حکومت صوبے میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کو معاشرتی نشوونما کے فروغ کے لیے تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت لکھنے والوں، تخلیقی ڈراموں، فلمیں بنانے والے پروڈکشن ہاؤسز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
پاکستان جون تک پانڈا بانڈ جاری کرنے کا خواہاں
انھوں نے کہا کہ تخلیقی کام کو بورڈ کی منظوری کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے مالی معاونت بھی کی جائے گی، شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ صحت مند معاشرے کے لیے ڈراموں، فلم اور دیگر تخلیقی کاموں کو فروغ دینا چاہیے۔
اجلاس میں ڈی جی پی آر نے کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کی تشکیل کے مقاصد اور پالیسی گائیڈ لائنز سے متعلق شرکا کو بریفنگ دی۔