ہفتہ, نومبر 16, 2024
اشتہار

پروموشنز کا جھگڑا، آئی جی سندھ کے قریبی افسران کے تبادلوں‌ کا امکان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: اگلے عہدوں پر ترقی نہ ملنے کے جھگڑے پر آئی جی سندھ کے قریبی افسران کے تبادلوں‌ کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت اور آئی جی سندھ مشتاق مہر کے درمیان تنازع پیدا ہو گیا ہے، یہ تنازع وزیر اعلیٰ کے پی ایس او فرخ بشیر کی ترقی نہ ہونے پر پیدا ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فرخ بشیر سمیت کئی سینئر افسران کی اگلے عہدے پر ترقی نہیں ہو سکی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ فرخ بشیر کی ترقی نہ ہونے کے ذمہ دار آئی جی سندھ ہیں۔

- Advertisement -

اس پر وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری کو آئی جی کو اظہار ناپسندیدگی کا خط لکھنے کا کہہ دیا تھا، تاہم چیف سیکریٹری کی جانب سے تاحال خط نہیں لکھا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل سلیکشن بورڈ نے صرف 3 افسران کی ترقی کی منظوری دی ہے، جن میں مقدس حیدر، عبدالسلام شیخ اور حمید کھوسو شامل ہیں، جب کہ فرخ بشیر، فیصل بشیر، رائے اعجاز، اور فاروق احمدکی ترقی نہ ہو سکی۔

ذرائع کے مطابق سندھ سے گریڈ 21 کے بھی کسی پولیس افسر کو ترقی نہیں دی گئی ہے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب آئی جی سندھ کے قریب سمجھے جانے والے افسران کے تبادلوں کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نےافسران کےبڑےپیمانےپر تقرریاں و تبادلے کر دیے ہیں، کمشنر کراچی نوید شیخ کا تبادلہ کر کے انھیں چیئرمین سی ایم آئی ٹی مقرر کر دیا گیا ہے، جب کہ گریڈ 21کے افسر  اقبال میمن کراچی کے نئے کمشنر مقرر کر دیے گئے ہیں۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اعجاز حسین بلوچ ممبر بورڈ آف ریونیو جوڈیشل مقرر کیے گئے ہیں، گریڈ 20کے افسر آصف جہانگیر سیکریٹری خزانہ، عبدالرشید سولنگی سیکریٹری اطلاعات، لئیق احمد سیکریٹری محنت، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی کا تبادلہ کر کے انھیں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، اور گریڈ  20 کے  افسر بلال احمد سیکریٹری محکمہ سرمایہ کاری مقرر کر دیے گئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں