اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

پنجاب کے 12سندھ کے 14اضلاع میں پولنگ کل ہوگی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور:‌ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم ختم ہوگئی، آخری دن بھی امیدوارووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کیلئے جتن کرتے دکھائی دیئے.

سندھ اورپنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم ختم ہوگئی، سندھ کے چودہ اور پنجاب کے بارہ اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کل ہوگی.

بدین میں سیاسی کشیدگی کے پیش نظر سندھ حکومت نے پولنگ کے دوران سخت سیکورٹی انتظامات کئے ہیں، جبکہ حیدرآباد میں پولیس نےبلدیاتی انتخابات کیلئےسیکورٹی پلان جاری کردیا ہے.

ضلع سانگھڑ میں سیکیورٹی خدشات کے باعث انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں، سندھ کے 14 اضلاع میں حیدرآباد، سجاول، ٹھٹھہ، بدین ، ٹنڈو محمد خان ، ٹنڈوالہ یار، دادو، جام شورو ، مٹیاری ، شہید بے نظیرآباد (نواب شاہ)، نوشہرو فیروز، میرپورخاص ، تھرپارکر اور عمرکوٹ شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 5612 نشستوں کیلئے 16342 اُمیدوار میدان میں تھے ، جن میں سے 1134نشستوں پر اُمیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے ، اب 4478 نشستوں کیلئے 15208 اُمیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے ۔

مجموعی طور پر 6461 پولنگ اسٹیشن اور 13776 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، 2200 سے زائد پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ، 2550 پولنگ اسٹیشن حساس اور 17سو پولنگ اسٹیشن نارمل قرار دیے گئے ہیں۔ بد امنی کے خدشات کے باعث مجموعی طور پر 57 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے ، جن میں 2400 سے زائد فوجی اہلکار، 4 ہزار سے زائد رینجرز اہلکار اور 51 ہزار سے زائد پولیس اہلکار شامل ہیں۔

مجموعی طور پر 71 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ، 65 ہزار سے زائد انتخابی عملہ پولنگ کی نگرانی کرے گا، پولنگ جمعرات کی صبح ساڑھے 7 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک بنا کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

پنجاب کے 12 اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 46 لاکھ 79 ہزار 312 ووٹرز اپنا حق رائے استعمال کریں گے ، جس کیلئے 11 ہزار 935 پولنگ اسٹیشنز، 34 ہزار 88 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جہاں پر 11ہزار 935پریذائیڈنگ آفیسرز ،61ہزار 957اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز اور 34 ہزار 88پولنگ آفیسرز، جبکہ 2653نائب قاصد تعینات کیے گئے ہیں۔

بارہ اضلاع میں سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، اٹک، جہلم، میانوالی، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد،منڈی بہاؤالدین، شیخو پورہ اور خانیوال شامل ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں