کراچی : سندھ رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیتی، بھتہ خوری، منشیات فروشی اور گاڑیاں جلانے کے جرائم میں ملوث 6 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں قیام امن کو مزید پائیدار بنانے کے لیے سندھ رینجرز کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر سرچ آپریشنز جاری ہیں جس کے دوران 6 ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ، منشیات اور غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں عسکری ونگ کے 3 کارندے، 2 ڈکیت اور ایک منشیات فروش شامل ہیں ان ملزمان کو جمشید کوارٹرز، کورنگی اور بغدادی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان رینجرز سندھ کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان میں کامران ، راحیل حسین اور عبدالرحیم ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں اس کے علاوہ ملزمان بھتہ خوری اورگاڑیاں جلانے میں بھی ملوث ہیں۔
دیگر ملزمان منشیات فروشی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں ان ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ اور لیاری گینگ وار سے ہے۔
خیال رہے رینجرز کے جرائم کش آپریشن کے نتیجے میں کراچی میں امن و امان بحال ہوا ہے اور لوگوں نے آئے دن کے ہنگاموں اور لوٹ مار سے نجات ملنے پر سُکھ کا سانس لیا ہے۔