کراچی :سندھ رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے جب کہ ان ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چھاپہ مار کاروائیاں شاہ لطیف ٹاؤن اور شریف آباد میں کی گئیں اور وہاں سے گرفتار ساتوں ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ علاقے سے کالعدم جماعت کا ملزم قاری سجاد کو گرفتار کیا گیا جو دہشت گردی، بھتہ خوری اورسہولت کاری میں ملوث رہا ہے۔
علاوہ ازیں شریف آباد سے ایم کیوایم لندن کےعسکری ونگ کے کارندوں احسن کمال اورعبدالحمید کو حراست میں لیا ہے دونوں ملزمان ٹارگٹ کلنگ اوربھتہ خوری میں ملوث رہے ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق شریف آباد سے ہی مذہبی جماعت کےعمران عرف باب کوگرفتارکیا گیا ہے جو کہ فرقہ وارانہ فسادات میں ملوث رہا ہے۔