کراچی: صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے وار تیزی سے جاری ہیں، صوبے میں مہلک وائرس سے مزید 41 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا وائرس سے متعلق اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ سندھ بھر میں کرونا کے مزید 1564 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اب تک کرونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 1124 ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 6597 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جبکہ اب تک 395287 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جس میں سے 72656 پازیٹو آئے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں اس وقت 33131 مریض زیر علاج ہیں جبکہ ان میں سے کرونا کے 614 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جن میں سے 118 مریضوں کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ آج 1357 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے، صوبے میں اب تک صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 38401 ہوچکی ہے۔
ملک میں کرونا سے مزید 105 مریض جاں بحق، تعداد 3,695 ہو گئی
واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 3,946 نئے کیسز سامنے آئے، جبکہ مزید 105 مریض جاں بحق ہو گئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 185,034 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ اموات کی تعداد 3,695 ہو گئی ہے۔