کراچی : سندھ سیکریٹریٹ میں اسلحہ لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اے آر وائی نیوز کا اسٹنگ آپریشن رنگ دکھانے لگا۔
اے آروائی نیوز کے اسٹنگ آپریشن کے بعد سندھ حکومت کو اسمبلی اور سندھ سیکرٹریٹ کا خیال آگیا ۔ سندھ سیکریٹریٹ میں اسلحہ لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی.
اس حوالے سے خاموشی سے پابندی کا سرکلر بھی جاری کردیا گیا ۔ مذکورہ سرکلر 5 مئی کو جاری کیا گیا، سرکلر پر عملدرآمد 10 مئی سے کیا گیا.
سرکلر میں غیر مجاز گاڑیوں، پولیس موبائلوں اور اسکواڈ کا داخلہ بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے، پولیس موبائل اور اسکواڈ کو داخلے کے لیے خصوصی ٹوکن جاری کیے جائیں گے.
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اسٹاف اور تعینات پولیس اہلکاروں سے تعاون کیا جائے، یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز کے اینکر اقرارالحسن نے سندھ اسمبلی میں سیکیورٹی کی خامی پر اسٹنگ آپریشن کیا تھا۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ چار مئی کو وزارت محنت کے دفتر میں ورکر ویلفئیر بورڈ کا ملازم قتل ہوا تھا اس لیے سندھ سیکریٹریٹ کی سیکیورٹی فول پروف بنائی جائے.
سرکلر چیف سیکریٹری سندھ سمیت تمام وزراء، ایڈوائزرز اور متعلقہ دفاتر کو ارسال کیا گیا ہے۔