کراچی : سندھ حکومت نے بجٹ میں کراچی کیلئے 10 نئی میگا اسکیمز شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اسکیموں میں فراہمی آب کے3 اور شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبے شامل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے بجٹ میں کراچی کیلئے 10 نئی میگا اسکیمز شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا اور میگا اسکیموں کیلئے 24ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دے دی ہے، میگا اسکیموں میں فراہمی آب کے3 اور شاہراہوں کی تعمیرکے منصوبے شامل ہوں گے۔
لیاری،ملیر ،ضلع وسطی کےلئے صوبائی بجٹ میں اسکیمزشامل ہیں جبکہ بلدیہ ٹاؤن،کیماڑی کیلئےبھی منصوبے صوبائی بجٹ کاحصہ ہوں گے۔
صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد تک اضافے کی تجویز دی ہے جبکہ پنشنز میں بھی 20 فیصد تک اضافہ متوقع ہے ، تنخواہوں میں اضافہ پے اسکیل کے مطابق کیا جائے گا جبکہ کراچی کیلئے بسوں کیلئے 3ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
خیال رہے سندھ کا بجٹ 15جون کووزیراعلی مرادعلی شاہ بطور وزیر خزانہ پیش کریں گے ، بجٹ کا حجم 12 کھرب روپے سے زائد ہوگا۔
علاوہ ازیں بجٹ میں گریڈ ایک سے 4 تک کے ملازمین کی گروپ انشورنس 3 لاکھ سے بڑھا کر 3 لاکھ 75000 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، گریڈ 5 تا 10کے ملازمین کی گروپ انشورنس 3 لاکھ 50 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ37 ہزار500 کیا جا رہا ہے۔
گریڈ19 کے ملازمین کی گروپ انشورنس 21لاکھ سےبڑھاکر26 لاکھ25ہزار اور گریڈ20کےملازمین کی گروپ انشورنس 25 لاکھ سے بڑھا کر31لاکھ25ہزار کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔