کراچی: وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے وفاقی حکومت سے سندھ کے تین ٹرینوں کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ ریلوے میں بھی ہمارا استحصال کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرٹرانسپورٹ سندھ کا کہنا تھا کہ ریلوے میں بھی استحصال ہورہا ہے ہماری ٹرینیں بھی دوبارہ چلائیں، سندھ کا خوشحال خان خٹک، بولان میل اور موہن جودڑو ٹرینیں دوبارہ چلنی چاہیے۔
اویس شاہ نے کہا کہ شیخ رشید نے 2سال میں ٹرینوں کا برا حال کردیا ہے، سندھ کے عوام کو وفاق نے ٹرین کی سستی سہولت سے بھی محروم کردیا، شیخ رشید نے جان بوجھ کر لاڑکانہ کی 3ٹرینیں بند کردیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرینیں بند ہونے کا وزیراعظم نوٹس لیں اور فوری بحالی کا حکم جاری کریں۔
وزیرٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ شیخ رشید نے ریلوے کو تباہ کرکے پی ٹی آئی میں موجود ٹرانسپورٹ مافیا کو فائدہ پہنچایا، عمران خان نے شیخ رشید کو ریلوے کا دیوالیہ کرنے کے مشن پر لگا دیا ہے۔