کراچی : سندھ بھر میں آج سندھی ٹوپی اجرک کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا جائے گا اور اس موقع پر مختلف ثقافتی و سماجی تنظیموں کے جانب سے ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کی سرزمین ثقافتی ورثے سے مالامال ہے، سندھ میں آج سندھی ٹوپی اوراجرک ڈے منایا جائے گا یہ دن منانے کی روایت نے سندھ کی دم توڑتی ثقافت میں نئی روح پھونک دی ہے۔
سندھی کلچر ڈے کے موقع پرصوبے کے مختلف شہروں میں سماجی و سیاسی تنظیموں اور پریس کلب کے تعاون سے راگ و رنگ کی محافل، مشاعرہ ، لوک گیتوں پر رقص کی تقاریب سجائی جائیں گی۔
سندھی کلچر ڈے کے موقع پر مختلف علاقوں میں ریلیاں بھی نکالی جائیگی جبکہ مختلف اسکولوں اور مقامات پر پُروقار تقاریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
کراچی ،سکھر ، حیدرآباد، جیکب آباد، دادو، نواب شاہ، پڈعیدن اور خیرپور میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی جس میں نوجوان، بچے سندھی اجرک ٹوپی پہنے بھرپور انداز میں شریک ہوں گے اور علاقائی گیتوں پر رقص کریں گے۔
واضح رہے کہ سندھی ثقافت کی ایک خوبصورت پہچان دیگر سوغاتوں کے علاوہ سندھی ٹوپی اوراجرک بھی ہے، یہاں کے رہنے والے مہمانوں کوسندھی ٹوپی اوراجرک تحفتاً دے کر اپنی محبت کا دل سے اظہار کرتے ہیں۔