کراچی: معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر نے فنکاروں کی مدد کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گلوکار علی ظفر نے کراچی آرٹس کونسل کے ساتھ مل کر فنکاروں کی مدد کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث فنکار، موسیقار اور ٹیکنیشنز مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
علی ظفر نے کہا کہ کراچی آرٹس کونسل اور علی ظفر فاؤنڈیشن مل کر مستحق فنکاروں کی مدد کریں گے۔
گلوکار علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اپیل کی کہ ’کرونا کے باعث سے شوبز فنکار کام نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، شوز ہوتے ہیں تو اسٹیج لگتا ہے اور مداح آتے ہیں لیکن کرونا کی وجہ سے یہ سب بند ہوچکا ہے۔
My appeal to the President of Pakistan @ArifAlvi on behalf of the deserving artists, musicians and technicians of the country. cc @ImranKhanPTI @shiblifaraz @AliZFoundation #artistwelfarefund #AZF pic.twitter.com/3xZHOygPlP
— Ali Zafar (@AliZafarsays) July 2, 2020
علی ظفر نے کہا کہ میرا تعلق شوبز سے ہے اسی لیے فنکاروں کے حوالے سے ہی بات کررہا ہوں، انہوں نے کہا کہ تماشائی تب اکٹھا ہونا شروع ہوں گے جب کرونا ویکسین آجائے گی اور کرونا کیسز ختم ہوجائیں گے لیکن یہ بہت بعد کی بات ہے اس کے باعث ٹیکنیشنز اور فنکاروں کے لیے گزارہ کرنا بہت مشکل ہوتا جارہا ہے۔
گلوکار نے کہا کہ میری فاؤنڈیشن پنجاب میں کئی ہفتوں سے موسیقاروں کو کھانا بھجوا رہی ہے اب ہم نے ایک اور فلاحی تنظیم کے ساتھ مل کر اہم اقدام اٹھایا ہے کہ اب موبائل فون کے ذریعے گھر بیٹھے ان افراد کو پیسے پہنچائے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں آرٹس کونسل بہت اچھا کام کررہی ہے،علی ظفر فاؤنڈیشن اور ایک اور فلاحی تنظیم نے مل کر کراچی کے فنکاروں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کردیا ہے، ضرورت مند موسیقار، ٹیکنیشنز اور آرٹسٹ کی مدد کی جائے گی۔
علی ظفر نے بجٹ میں آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ میں اضافے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ آپ فوری طور پر اس فنڈ کا اجرا کریں اور فاؤنڈیشن یا کسی بھی طرح مل کر ایک سسٹم بنالیں تاکہ گھر بیٹھے کرونا سے متاثرہ فنکاروں کی فوری مدد کی جاسکے۔