اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

گلوکار اسد عباس نے مداحوں سے مدد کی اپیل کردی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پاکستان کے مشہور و معروف نوجوان لوک گلوکار اسد عباس گردوں کی بیماری میں مبتلاہو کر پائی پائی کو محتاج ہوگئے، دنیا بھر میں اپنی آواز کا جادو جگا کر ملک کا نام روشن کرنے والا فنکار آج اپنے علاج کے لیے مدد کی اپیل کررہا ہے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں پاکستان سنگیت آئیکون وِنر، لکس میوزک ایوارڈ یافتہ، میکال حسن بینڈ کے سابق گلوکار اور کوک اسٹوڈیو 6 میں سُر بکھیرنے والے گلوکار اسد عباس کو مدعو کیا گیا، جنہوں نے اپنی آپ بیتی سنا کر ناظرین کو افسردہ اور رونے پر مجبور کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ 2006 میں پاکستان سنگیت آئیکون کے نام سے پاکستان کا پہلا رئیلیٹی شو ہوا تھا جس کے پہلے انعام ایک کروڑ روپے اور ایک مرسڈیز شامل تھی یہ شو میں نے جیتا تھا۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں شوز کیے وہاں بھی خوب پیسہ کمایا اور زندگی کی تمام خوشیاں مجھے اللہ نے عطا کی تھیں۔

اسد عباس نے بتایا کہ گزشتہ سات سال سے گردوں کی بیماری میں مبتلا ہوں اور دونوں گردے مکمل طور ہر ناکارہ ہوچکے ہیں، ڈاکٹرز نے پہلے بھی گردوں کی پیوند کاری کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔

اُنہیں گردے فیل ہونے کی وجہ سے ہفتے میں تین سے چار دن ڈائیلاسز کروانے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سندھ حکومت اور مخیر حضرات سے علاج کیلئے مدد فراہم کرنے کی اپیل کی۔

گلوکار نے بتایا کہ میں ایک ہیرو کی طرح زندگی گزار رہا تھا سب کچھ میرے پاس تھا لیکن بیماری کی وجہ سے علاج کیلئے سب کچھ بیچ کر آج سڑک پر آگیا ہوں۔

واضح رہے کہ سال 2021 میں ٹی وی پر نشر ہونے والے مقبول ترین ڈرامہ سیریل رقص بسمل کا ٹائٹل سونگ کدی آمل سانول یار وے اسد عباس نے ہی گایا تھا جسے شائقین نے بہت پسند کیا تھا۔

فنکار کسی بھی ملک کااثاثہ ہوتے ہیں انہیں بے یارو مددگار نہیں چھوڑا جانا چاہیے، اسد عباس بھی پاکستان کی خوبصورت آوازوں میں سے ایک ہے وہ اس وقت شدید بیمار ہیں اور انہیں مدد کی شدید ضروت ہے، حکومت سے اپیل ہے کہ ان کا سرکاری سطح پر مفت علاج معالجہ کرایا جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں