جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

ملک لوٹنے والے کہہ رہے ہیں ہمیں دوبارہ وزیر اعظم بنایا جائے، سراج الحق

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک کو لوٹنے والے کہہ رہے ہیں کہ ہمیں دوبارہ وزیر اعظم بنایا جائے۔

پاک چائنہ سینٹر اسلام آباد میں کیپیٹل یوتھ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ایکسپو میں یوتھ کا کام دیکھ کر نہایت متاثر ہوا، پاکستان کا واپڈا، پی آئی اے اور پی ٹی سی ایل سمیت سب کچھ خسارے میں ہے، حقیقت یہ ہے کہ پاکستان میں کوئی چیز خسارے میں نہیں بلکہ ہماری قیادت خسارے میں ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں سینیٹر اور منسٹر بننے والا پراڈو پر پھرنے لگتا ہے، جب پاکستان کا صدر اور وزیر اعظم چور ہوگا تو پھر بازار کا چوکیدار چور کیوں نہیں ہوگا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ایران کا توشہ خانہ دیکھا جہاں ایوب خان کے دور میں دیے گئے تحفہ بحفاظت موجود ہیں لیکن پاکستان کے توشہ خانہ سے کوئی مرسڈیز کوئی گھڑی تو کوئی سونے کی کلاشنکوف لے گیا، پاناما لیکس میں کسی غریب کا نام نہیں بلکہ پاکستان کے حکمرانوں کا نام ہے، توشہ خانہ لوٹنے والا کوئی غریب نہیں بلکہ ہمارے حکمران ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر 76 سال سے وہ لوگ مسلط ہیں جو انگریز کے بوٹ پالش کرتے رہے، آنے والے الیکشن میں لوٹنے والوں کے بجائے دیانتدار لوگوں کو ووٹ دیں، قرض اتارو ملک سنواو، روٹی کپڑا اور مکان اور نیا پاکستان جیسے نعروں کی زد میں اس قوم کو لوٹا گیا۔

سراج الحق نے کہا کہ ڈیزل، پیٹرول اور چینی مافیا سمیت ان تمام مافیاز کا حساب ہمارے نوجوان کریں گے۔

اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 25 کروڑ با ضمیر پاکستانیوں کی آنکھوں میں فلسطین کی وجہ سے آنسو ہیں، فلسطین کی حالت زار پر ہمارے دل افسردہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں ایک کربلا برپا ہے اور دنیا خاموش ہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے مظلوم فلسطینیوں کیلیے کیا کیا؟ انہوں نے مظلوم فلسطینیوں کیلیے ایک ریلی تک نہیں نکالی ایک مظاہرہ نہیں کیا، دنیا کے غیر مسلم اداکاروں نے مظلوم فلسطینیوں کیلیے آواز اٹھائی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں