لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے انکشاف کیا ہے کہ نیوز گیٹ پر جلد وعدہ معاف گواہ سامنے آنے کی توقع ہے جب کہ نیوز گیٹ سکینڈل پر اپوزیشن مشترکہ موقف پر جمع ہورہی ہے۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اپنے ہیڈ کوارٹر منصورہ میں آنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ جمہوری ملک میں سب کچھ پارلیمنٹ ہوتی ہے مگر یہاں تمام اختیارات کو وزیر اعظم نے اپنی مٹھی میں بند کررکھا ہے، کرپشن کے الزامات کے بعداخلاقی طور پر وزیر اعظم کو اپنا منصب چھوڑدینا اور اپنے دامن پر لگے داغ کو دھونا چاہئے تھا۔
لیکن ہماری بد قسمتی ہے کہ ہمارے ہاں اچھی روایات کا گلا گھونٹا جارہا ہے،حکمران خود کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے انکشاف کیا کہ نیوز گیٹ اسکینڈل پرجلد وعدہ معاف گواہ سامنے آنے کی توقع ہے،دیکھتے ہیں کہ کس کا ضمیر جلد جاگتا ہے،خبر لیکس پر حکمران پانامہ لیکس کی طرح مکر نہیں سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اگر مخلص ہوتی تو پارلیمنٹ اور اپوزیشن کو اس پر اعتماد میں لیتے ہوئے ایک غیر جانبدار کمیشن بناتی مگر حکومت کی طرف سے متنازع کمیشن کی تشکیل نے معاملے کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے پانامہ لیکس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران حقائق کو جھٹلانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ،جب تک حقائق کو تسلیم کرکے اپنے جرم کا اعتراف نہیں کرتے اور لوٹی گئی قومی دولت واپس نہیں آتی ،حکمرانوں کی جان نہیں چھوٹے گی پوری قوم کا مطالبہ ہےوزیر اعظم اور ان کے خاندان کا احتساب ہونا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے گزشتہ کئی ماہ سے کرپشن مٹاؤ مہم چلا رکھی ہے جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے ملک کو دیا نت دار قیادت دی ہے کیوں کہ اس ملک کا مستقبل دیانت دار حکمراں ہی سنوار سکتے ہیں۔