مردان: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سینیٹ چیئرمین کے لیے اسلام آباد میں ہلچل مچی ہے، رضا ربانی چیئرمین سینیٹ کے لیے موزوں امیدوار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کا سوموٹو ایکشن لیں، چیف جسٹس سینیٹرز سے خریدو فروخت سے متعلق بیان حلفی لیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ رضا ربانی کے چیئرمین سینیٹ بننے سے ملک میں جاری سیاسی تناؤ کا خاتمہ ہوگا، رضا ربانی پی پی کو قبول نہیں، اپوزیشن کی اکثر جماعتیں ان کے نام پر متفق ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی سے مخالفین کے رنگ پیلے پڑ گئے ہیں، پاکستان میں سیاست ذات سے شروع ہوکر ذات پر ہی ختم ہوجاتی ہے۔
یہ پڑھیں: سینیٹ الیکشن نے ثابت کر دیا انتخابات دولت کا کھیل بن چکے ہیں، سراج الحق
واضح رہے کہ سراج الحق کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن نے ثابت کردیا کہ انتخابات دولت کا کھیل بن چکے ہیں، اگر الیکشن کمیشن تماشائی بنا رہا تو عوام کا بیلٹ سے اعتماد اٹھ جائے گا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں بھرپور کرپشن دیکھنے میں آئی، سینیٹرز اب خسارہ پورا کریں گے یا عوام کی خدمت کریں گے؟ پارٹیوں کے اندر بھی الیکشن کمیشن کی نگرانی میں انتخابات ہونے چاہئیں۔